31 Mar 2013 | By:

jo kuch honay wala hai us ko likh kar qalam kushak ho gaya hia

  • جو کچھ ہونے والا ہے اس کو لکھ کر قلم خشک ہوگیا ہے
    ***************************************
    حضور غوث پاک شیخ عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ
    اللہ تعالیٰ کے سب کام نیک ہیں اورسب میں مصلحت و حکمت ہے ،اللہ تعالیٰ نے مصلحت اور حکمت کے علوم اپنے بندوں پر مخفی رکھے ہیں ،ان علوم میں وہ منفرد ہے، پس رضا تسلیم اور بندگی میں مشغول رہنا اور امر و نہی بجا لانا ،تقدیر کے سامنے گردن جھکا دینا ،امورِ قدرت میں دخیل نہ ہونا، کہ ایسا کیوں ہوا ؟ کیسے ہوا ؟ کب ہوا ؟ ایسے اعتراضات سے خاموش رہنا اور اپنے تما م حرکات و سکنات میں تہمتِ حق سے چپ رہنا بندے کے لئے مناسب و لائق ہے اور ان تمام باتوں کی سند حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی وہ حدیث ہے جو عطاء نے اُن سے روایت کیا ہے، فرماتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وسلم کے پیچھے سوار تھا ،اچانک آپ نے مجھے فرمایا :اے لڑکے! حقوق اللہ کی حفاظت کر ،اللہ تیری حفاظت کرے گا ،تو اللہ پر اپنی نگاہ رکھ اسے اپنے سامنے پائے گا ،جب سوال کر خدا سے سوال کر ،اور مدد مانگے تو خدا سے مانگ ،جو کچھ ہونے والا ہے اس کو لکھ کر قلم خشک ہوگیا ہے ،اگر ساری مخلوق جمع ہوکر کوشش کرے کہ تجھے وہ چیز بہم پہنچا دیں جو اللہ نے تیرے مقدر میں نہیں رکھی ،تو وہ ہرگز ایسا نہیں کرسکیں گے اور اسی طرح اگر سارا جہان تجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کرے مگر اللہ تعالیٰ کی تقدیر میں تیرے لئے وہ نقصان نہیں ہے تو تیرا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکے گا ۔پھر اگر ایمان کی سچائی کے ساتھ نیک عمل کرسکتا ہے تو کر ،اور اچھی طرح جان لے کہ صبر کا پھل میٹھا اور دُکھ کے بعد ہمیشہ سُکھ ہوتا ہے “ ۔۔۔۔ ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس حدیث کو دل کا آئینہ اور ظاہر و باطن کا لباس بنائے ۔اپنی ہر حرکت و سکون میں اس حدیث پر عمل کرے تاکہ دنیاوی اور اُخروی آفات سے صحیح سالم، محفوظ رہے اور دونوں جہانوں میں رحمتِ الٰہی کا مستحق قرار پائے ۔

    (فتوح الغیب مقالہ نمبر 42)

0 comments:

Post a Comment